جموں6جون(آئی این ایس انڈیا)پنتھرس پارٹی کی کشمیر یونٹ کا پنتھرس پارٹی کے ریاستی نائب صدر مسعو د اندرابی کی سربراہی میں پارٹی کے ہیدکوارٹر راج باغ میں تین روزہ کنوینشن اختتام پذیر ہوا جس میں وادی کشمیر کے ضلعی صدور، ریاستی سکریٹری صوبائی دفتر کے عہدیداردیگرسینئرلیڈر شامل ہوئے۔اس تین روزہ کنوینشن میں فیصلہ کیا گیا کہ پنتھرس پارٹی کی ریاستی کونسل کے اگست کے پہلے ہفتہ میں جموں میں منعقد ہونے والے تین روزہ کنوینشن میں جموں وکشمیر کے سیاسی امور کے ساتھ ساتھ ریاست کے تینوں خطوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے حکمت عملی بنائی جائے گی۔ اس کنویشن میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پنتھرس پارٹی ریاستی اور باہری جیلوں میں بند کشمیری لڑکوں کی قانونی اور آئینی طورپر رہائی کے لئے لڑائی لڑے گی۔جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپر ست اعلیٰ پروفیسربھیم سنگھ نے کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے پنتھرس پارٹی کی کشمیر ی قیادت سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے مزدور طبقوں،درج فہرست قبائل ، مزدوروں، کسانوں ، نوجوانوں اور طلبا سمیت سبھی لوگوں کے لئے انصاف اورمساوات کے لئے لڑائی لڑنے کے لئے تیار رہے۔انہوں نے کشمیر ی نوجوانوں سے کہا کہ معاشرہ کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ پنتھرس پارٹی کشمیر کے سبھی لوگوں کے لئے ذات، کلچر اور مذہب کی تفریق کے بغیر سیاسی آزادی کے لئے لڑائی لڑے گی۔اس کنکلیو میں منظور نائک، ایچ ایس جموال، فاروق احمد ڈار، محبوب الہی، محمد مقبول ملک،جہانگیر احمد خان، محمد اقبال جان، مجیدا ڈار ، حکیم عارف علی، راشد غنی، محمد شفیع خان، غلام نبی کھانتا، سیوا سنگھ بالی وغیر ہ شریک ہوئے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کا واحد حل وادی کشمیر اور جموں پردیش ریاست کے قیام کے ساتھ تشکیل نوہے جس سے دونوں طرف کے شاختی امور ہمیشہ کے لئے حل ہوسکیں۔